ٹرمپ کا الزام
واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے کہا ہے کہ وہ جو بائیڈن کے بیٹے کے غیر قانونی عمل سے متعلق معلومات فراہم کریں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا ہے کہ روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر کی اہلیہ نے صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیدن کو 35 لاکھ ڈالر دیے تھے۔ ریپبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی رقم ہے اور صدر ولادیمیر پوتن کو اس کا علم ہوگا اور انہیں یہ معلومات جاری کرنی چاہیے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر وہی الزامات دہرانا شروع کر دیے ہیں جو وہ سال 2020 کی صدارتی مہم کے دوران اپنے سیاسی حریفوں پر عائد کرتے تھے تاہم اس حوالے سے وہ کبھی بھی کوئی ثبوت نہیں فراہم کر سکے۔ سابق صدر اس سے پہلے بھی یہ الزام عائد کرتے آئے ہیں کہ صدر جو بائیڈن سے سیاسی فائدے حاصل کرنے کی غرض سے ہنٹر بائیڈن نے ماسکو کے میئر یوری لڑکوف کی اہلیہ ایلینہ بتورینا سے رقم لی تھی۔خیال رہے کہ ٹرمپ نے اپنے دور حکومت میں یوکرین کے صدر وولودمیر زیلنسکی پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ جو بائیڈن کے بیٹے سے متعلق غیر قانونی معلومات فراہم کریں جو یوکرین کی ایک کمپنی کے ساتھ کام بھی کر چکے ہیں۔