بائیڈن گوانتا ناموجیل بند کرنے کا وعدہ پورا کریں:ایمنسٹی

   

واشنگٹن : ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکی صدر سے گوانتاناموبے پر قائم قید خانہ بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران واضح الفاظ میں کہا تھا کہ وہ نائن الیون کے بعد بنایا گیا متنازع گوانتانامو بے حراستی مرکز بند کر دیں گے۔ لیکن امریکی قانون ساز اس فیصلے کے خلاف ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوانتانامو بے حراستی مرکز بند کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ متنازع جیل کا مقصددہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران مشتبہ غیر ملکی دہشت گردوں کو حراست میں لے کر تفتیش کرنا تھا۔ تاہم ناقدین متنازعہ حراستی مرکز میں تفتیش کے لیے اختیار کیے گئے طریقوں کو بہیمانہ تشدد قرار دیتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل امریکا کے انسانی حقوق سے متعلق پروگرام میں سیکورٹی ڈائریکٹر دافنے ایویاتار نے اپنے بیان میں کہاکہ جتنا عرصہ یہ جیل برقرار رہے گی ، تب تک عالمی سطح پر انسانی حقوق کے بارے میں امریکی ساکھ متاثر ہوتی رہے گی۔ جنوری 2002 ء￿ کے بعد سے وہاں 780 افراد کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ ان میں زیادہ تر افراد پر فرد جرم بھی عائد نہیں کی گئی۔ اس وقت بھی حراستی مرکز میں 39 افراد قید ہیں، جن میں 11ستمبر کے حملوں کا مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد بھی شامل ہے۔ خالد شیخ محمد سمیت 4دیگر افراد کے خلاف فوج داری عدالت میں مقدمہ چلایا جانا ہے ،تاہم 20برس بعد بھی اب تک مقدمے کی کارروائی شروع نہیں کی جا سکی۔