بائیڈن یروشلم میں قونصلیٹ کھولنے کا وعدہ پورا کریں: فلسطین

   

مغربی کنارہ : فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے اس امیدکا اظہار کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن یروشلم میں امریکی قونصلیٹ دوبارہ کھولنے کا وعدہ پورا کریں گے۔عرب نیوز کے مطابق فلسطینی وزیراعظم نے بدھ کو ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ وہ فلسطینی انتظامیہ اور عوام کے ساتھ کیے گئے امریکی صدر کے دیگر وعدوں کو پورا کیے جانے کے لیے بھی پرامید ہیں۔انہوں نے فلسطینی حکام کو درپیش سیاسی اور معاشی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے 2018 میں یروشلم میں قونصلیٹ اور واشنگٹن ڈپلومیٹک مشن کو اس وقت بند کر دیا تھا جب انہیں تل ابیب منتقل کیا گیا۔رواں برس جب بائیڈن نے صدارت سنبھالی انہوں نے کہا تھا کہ وہ قونصلیٹ کھولیں گے مگر ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔اشتیہ نے اسرائیل کی یروشلم کے بجائے رملہ میں قونصلیٹ کھولے جانے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’رملہ فسطین کا دارالحکومت نہیں ہے، رملہ یروشلم نہیں اور نہ کبھی بن سکتا ہے۔‘نیوز بریفنگ کے دوران فسطینی وزیراعظم نے فلسطین میں متحدہ حکومت کے قیام کے لیے امریکی اقدامات کے حوالے سے خبروں کی تردید بھی کی۔اسرائیل کے چینل آئی 24 نے رپورٹ دی تھی کہ بائیڈن انتظامیہ ایک حکومت کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس میں حماس اور فتح سے بھی وزرا شامل ہوں گے۔