27 نوجوان گرفتار، 17 موٹر سائیکلس ضبط، فوجداری مقدمات
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں منچلے نوجوانوں کی جانب سے بائیک ریسنگ اور خطرناک کرتب بازی کے خلاف ٹریفک پولیس نے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹریفک حیدرآباد کی خصوصی ہدایت پر جوبلی ہلز ٹریفک پولیس اور بنجارہ ہلز ٹریفک پولیس نے اسپیشل ڈرائیو منعقد کیا ۔ ٹریفک پولیس کی دو ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے کے بی آر پارک اور جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر اقدامات کئے گئے ۔ پولیس نے اس موقع پر 27 نوجوانوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کی موٹر سیکلوںکو تحویل میں لے لیا۔ جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر پولیس نے 17 موٹر سیکلوں کو ضبط کیا جن میں9 اسپورٹس ماڈل موٹر بائیک پائے جاتے ہیں جبکہ کے بی آر پارک سے 10 موٹر سیکلوں کو ضبط کیا جن میں 6 اسپورٹس ماڈل بائیک پائے جاتے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے بائیک ریسنگ کے مرتکب ان نوجوانوں کے والدین کو طلب کرتے ہوئے کونسلنگ انجام دی اور بائیک ریسنگ کے خطرناک رجحانات اور نتائج سے آگاہ کروایا۔ اس کے علاوہ پولیس نے تمام کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا۔