بائیک سے گرکرزخمی خاتون کو اے پی کے وزیر نے اپنی گاڑی میں اسپتال پہنچایا

   

حیدرآباد23؍جنوری ( یواین آئی ) آندھرا پردیش کے وزیربی سی ویلفیر جناردھن ریڈی نے انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائیک سے گرکرزخمی ہونے والی خاتون کواپنی گاڑی میں اسپتال پہنچایا ۔ تفصیلات کے مطابق نندیال ضلع کے تماراجوپلی کے قریب ایک زخمی خاتون سڑک پر پڑی تھی۔خاتون کو دیکھ کر وزیرموصوف نے اپنے قافلہ کی گاڑیوں کو رکوادیا اورفوری اپنی گاڑی میں ڈال کر خاتون کو اسپتال پہنچایا۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو اس خاتون کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کا مشورہ بھی دیا۔ ضلع کے کونویڈو کی ساکن سرسوتی اپنے رشتہ دار کے ساتھ کرنول سے بائیک پر واپس آرہی تھی کہ تماراجوپلی کے قریب خاتون بائیک سے گر گئی۔ وزیر جناردھن ریڈی جو حیدرآباد سے واپس آرہے تھے نے اس خاتون کو دیکھا اور گاڑی سے باہر نکل کر اس کو اسپتال پہنچایا۔ ابتدائی علاج کے بعد ڈاکٹروں نے نندیال منتقل کرنے کا مشورہ دیا اسے پولیس کی گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔