بائیں بازو جماعتوں کا اندرا پارک پر مہا دھرنا

   

مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہونے ڈاکٹر نارائنا کی اپیل

حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) نریندر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے آج اندرا پارک پر مہا دھرنا منعقد کیا گیا۔ سی پی آئی، سی پی ایم اور دیگر بائیں بازو جماعتوں کے سرکردہ قائدین کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے مہا دھرنا میں حصہ لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات میں مودی حکومت کو بیدخل کرتے ہوئے راحت حاصل کریں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں مودی حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ مہنگائی کو کم کرنے کا دعویٰ کوکھلا ثابت ہوا۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ابتر صورتحال کے نتیجہ میں ہندوستان‘ سری لنکا کی طرح معاشی بحران کی طرف پیشرفت کررہا ہے۔ بائیں بازو کی جماعتیں ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج منظم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو کی جماعتوں نے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے عوامی مسائل پر مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ نارائنا نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور دستور کے تحفظ کی ضرورت ہے۔ مودی حکومت کارپوریٹ طبقات کو ملک کے اثاثہ جات فروخت کررہی ہے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلگو ریاستوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ سی پی ایم کے سکریٹریٹ رکن ایس ویریا، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیمو کریسی کے ریاستی سکریٹری، ایس وینکٹیشور راؤ، سی پی آئی ایم ایل پرجا پندھا کے ریاستی سکریٹری کے رنگیا، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیمو کریسی کے ریاستی سکریٹریٹ رکن جھانسی اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ ر