بائیں بازو جماعتیں تلنگانہ میں بی آر ایس سے اتحاد نہیں کریں گی

   

کانگریس کا حصہ بننے کا امکان ، تلنگانہ میں بی آر ایس سے بائیں بازو جماعتوں کی اہمیت گھٹانے کی کوشش
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) بائیں بازو جماعتیں تلنگانہ میں بھارتیہ راشٹر سمیتی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گی بلکہ وہ کانگریس کے اتحاد کا حصہ بن سکتی ہیں۔تلنگانہ میں وزیر ٹی ہریش راؤ نے گذشتہ دنوں بائیں بازو جماعتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب بائیں بازو جماعتوں کے پاس نظریاتی کیڈر باقی نہیںرہا ہے ۔ ریاستی وزیر فینانس کے اس بیان کے بعد اب بائیں بازو جماعتوں کے قائدین نے بھی واضح کرنا شروع کردیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں بی آر ایس کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔بائیں بازو جماعتیں جو قومی سطح پر تشکیل دیئے گئے اپوزیشن اتحاد INDIA کا حصہ ہیں وہ تلنگانہ میں اس بھارت راشٹرسمیتی کا حصہ بننے کے حق میں نہیں ہیں جو اپوزیشن اتحاد میں شامل نہیں ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بائیں بازو جماعتیں بی آر ایس اور مجلس کے اتحاد کی وجہ سے بھی بی آر ایس سے دوری اختیار کرنے لگے ہیں اور بھارت راشٹر سمیتی مجلس سے اتحاد کے ذریعہ 20تا25نشستوں پر کامیابی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق بی آر ایس اور بائیں بازو جماعتوں کے درمیان گذشتہ ضمنی انتخابات کے دوران جن نشستوں پر اتحاد کیا گیا تھا اس کے متعلق اب واضح کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ اب کوئی اتحاد باقی نہیں ہے ۔ بی آر ایس قائدین کی جانب سے بائیں بازو جماعت کے پاس کیڈر کی عدم موجودگی کے سلسلہ میں بیان بازیوں کے دوران بائیں بازو قائدین نے بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ بی آر ایس سیکولر سیاسی جماعتوں کے بجائے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی سیاسی جماعتوں کا حصہ بننے میں دلچسپی دکھا رہی ہے۔برسراقتدار بی آر ایس کے ذرائع کے مطابق بائیں بازو جماعتوں کی مرکزی قیادت کے INDIA میں شمولیت اختیارکرنے کے بعد سے ہی بی آر ایس نے تلنگانہ میں بائیں بازو جماعتوں کی اہمیت کو گھٹانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ منوگوڑو کے علاوہ دیگر ضمنی انتخابات میں بی آر ایس نے بائیں بازو جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے ان کی مدد حاصل کی تھی۔تلنگانہ میں بائیں بازو جماعتوں کا حلقہ اسمبلی نلگنڈہ ‘ کھمم کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں بھی کافی اثر ہے لیکن اس کے باوجود بی آر ایس کی بائیں بازو جماعتوں سے دوری کی وجہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ بائیں بازو جماعتیں کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے والی ہیں۔م