بابائے قوم گاندھی جی پر وزیراعظم نریندر مودی کو انٹرویو سے ہزیمت کا سامنا

   

تنقیدوں کا جواب دینے کے موقف میں نہیں ، عالمی سطح پر مودی واسکوڈی گاما کے طرز پر مذاق کا موضوع
حیدرآباد۔30۔مئی ۔(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے بابائے قوم گاندھی جی کے متعلق جو انٹرویو کے دوران کہا انہیں اس پر کافی ہزیمت اٹھانی پڑرہی ہے ۔ نریندر مودی کے گاندھی کے متعلق ریمارکس پر نہ صرف نریندر مودی بلکہ ان کے حامیوں کوبھی خفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ نریندر مودی پر کی جانے والی تنقیدوں کا جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ دنوں ملک کے سرکردہ ذرائع ابلاغ ادارہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ گاندھی جی کو ’’گاندھی‘‘ فلم کے ریلیز ہونے سے قبل دنیا نہیں جانتی تھی ۔ ان کے اس دعوے کے بعد کئی طرح سے انہیں مذاق کا موضوع بنایا جانے لگا ہے اور دلائل کے ساتھ اس بات کو پیش کیا جا رہاہے کہ گاندھی جی کو دنیا اس وقت بھی جانتی تھی جب وہ پیدا نہیں ہوئے تھے اور گاندھی جی مودی کی پیدائش سے قبل ٹائمز میگزین کے کوور پرمتعدد مرتبہ جگہ حاصل کرچکے تھے اس کے علاوہ عالمی اخبارات میں صفحہ اول پر ان کی خبریں شائع ہوتی رہی ہیں۔ان دلائل کے ساتھ ساتھ نریندر مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے یہ انہیں واسکوڈی گاما کے روپ میں پیش کرتے ہوئے ’’واسکو کا ماما‘‘ کے طور پر پیش کیا جانے لگا ہے اور سوشل میڈیا پر گشت کررہی اس تصویر پر کئی طرح کے تبصرے کئے جا رہے ہیں ۔اس کے علاوہ ملک کے سرکردہ اخبارات نے گاندھی کے متعلق کئے گئے وزیر اعظم کے تبصرے پر کارٹون شائع کرتے ہوئے مودی کا مذاق اڑایا ہے ۔سوشل میڈیا پر جاری ان تبصروں کے دوران کئی ایسے ویڈیوبھی منظرعام پر آئے ہیں جن میں گاندھی سے عقیدت رکھنے والوں کی رائے پیش کی گئی ہے۔وزیراعظم کے گاندھی کے متعلق تبصرے پر مختلف سیاسی قائدین نے بھی کئی بیان دیئے ہیں لیکن مودی کو ’’واسکوڈی گاما‘‘ کی تصویر میں ’’ واسکو کا ماما‘‘ کے طور پر جو پیش کیاگیا ہے اسے سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل ہورہی ہے اور یہ تصویر سوشل میڈیا کے بیشتر تمام پلیٹ فارمس پر گشت کر رہی ہے۔3