حیدرآباد۔15؍ اکٹوبر۔ ( راست ) ۔ کانگریس کے سینئر قائد جناب ظفر جاوید نے مہاراشٹرا کے ممتاز قائد جناب بابا صدیقی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی قائدین کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی منصوبہ بند سازش کا نتیجہ قرار دیا۔ جناب ظفر جاوید نے بتایا کہ بابا صدیقی انتہائی منکسر المزاج خوش اخلاق انسان تھے، قوم کے ہمدرد تھے، وہ اپنے آبائی وطن بہار کے علاوہ ممبئی میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کے لئے تعلیمی ادارے قائم کرنے والے تھے۔ ان کی ہلاکت مہاراشٹرا میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ دریں اثناء عامر جاوید ممبئی میں بابا صدیقی کی نماز جنازہ میں شرکت اور ان کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کے بعد حیدرآباد واپس ہوئے۔