بابا صدیقی کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

,

   

ممبئی : سابق وزیر مہاراشٹرا و این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو آج شام پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ ان کی تدفین ممبئی کے بڑا قبرستان میں عمل میں لائی گئی ۔ اس سے قبل پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی نعش کوپر ہاسپٹل سے ان کے مکان لائی گئی تھی ۔ جہاں آخری دیدار کیلئے کثیر تعداد میں لوگ جمع تھے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے تھے ۔ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کے علاوہ سیاسی قائدین نے بھی متوفی کے گھر پہونچ کر افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ جلوس جنازہ اور تدفین میں بھی کثیر تعداد میں عوام موجود تھے ۔ شدید بارش کے باوجود جلوس جنازہ میں عوام نے شرکت کی ۔ بڑا قبرستان میں تدفین کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر اور این سی پی لیڈر اجیت پوار کے علاوہ پارٹی قائدین چھگن بھوجبل اور پرافل پٹیل بھی موجود تھے ۔ اجیت پوار نے قبل ازیں دن میں دواخانہ پہونچ کر بھی ان کے فرزند رکن اسمبلی ذیشان صدیقی کو پرسہ دیا تھا ۔ تدفین کے موقع پر بڑا قبرستان میں این سی پی کے علاوہ کانگریس ‘ آر پی آئی اور دوسری جماعتوں کے بھی کئی قائدین موجود تھے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے حکم دیا تھا کہ بابا صدیقی کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ عمل میں لائی جائے ۔

بابا صدیقی قتل کیس میں سراغ ملنے کا دعویٰ : ڈپٹی چیف منسٹر فرنویس
ممبئی: مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کہا کہ این سی پی لیڈر اور سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل میں پولیس کو کچھ سراغ ملے ہیں۔ فرنویس داخلہ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جا رہی ہے لیکن پولیس بعد میں تفصیل بتائیگی۔ صدیقی کو باندرہ میں تین افراد نے گولی مار دی تھی ۔ فرنویس نے کہاکہ ہم سب اس واقعہ سے حیران ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ سراغ مل گئے ہیں لیکن ابھی انہیں ظاہر نہیں کر سکتا۔ حملے کے کچھ پہلو ہیں لیکن پولیس قانونی عمل کی تکمیل کے بعد اس کی معلومات فراہم کرے گی۔

کھرگے اور راہول کا بابا صدیقی کے قتل پر اظہار غم
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ سربراہ پون کھیڑا نے این سی پی لیڈر اور سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل پر رنج و غم کا اظہار کرکے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ مہاراشٹرا میں امن و امان پر بڑے سوال اٹھاتا ہے ۔کھرگے نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں، میں ان کے خاندان، دوستوں اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انصاف کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور مہاراشٹرا حکومت کو شفاف تحقیقات کا حکم دینا چاہئے اور مجرموں کو جلد سزا ملنی چاہئے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ابا صدیقی کی موت کی خبر صدمہ پہنچانے والی ہے ۔ میری تعزیت اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ ہے ۔ یہ واقعہ مہاراشٹرا میں امن و امان کی ابتر صورتحال کو اجاگر کرتا ہے ۔ حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور انصاف ملناچاہئے ۔ کے سی وینو گوپال نے کہاکہ بابا صدیقی کے قتل سے صدمے اور غم و غصے میں ہیں۔ صدیقی نے لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے سخت محنت کی۔ ان کا انتقال ممبئی اور مہاراشٹرااا کے لوگوں کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔