بابراعظم پاکستان کی جانب سے ونڈے کرکٹ میں 150 سے زائد رنز کا انفرادی اسکور کرنے والے پہلے کپتان

   

ایجبسٹن : بابراعظم پاکستان کی جانب سے ونڈے کرکٹ میں 150 سے زائد رنز کا انفرادی اسکور کرنے والے پہلے کپتان بنے ہیں کیونکہ اس سے قبل کسی پاکستانی کپتان کی جانب سے اعظم ترین انفرادی اسکور کا ریکارڈ شعیب ملک کے نام تھا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف 2008ء میں 125 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی تھی۔ علاوہ ازیں بابراعظم نے گذشتہ برس زمبابوے کے خلاف 125 رنز کی اننگز کھیلی تھی تاہم وہ شعیب ملک کا ریکارڈ نہیں توڑ پائے تھے۔ علاوہ ازیں بحیثیت کپتان انہوں نے 9 ونڈے اننگز میں 3 سنچریاں اسکور کی ہیں اور بحیثیت کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کے ریکارڈ میں وہ اظہرعلی کے ساتھ مشترکہ مقام پر فائز ہیں۔ بابراعظم ونڈے میں تیز ترین 14 سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے ہیں اور وہ مرد اور خاتون زمرہ میں یہ سنگ میل تیزی سے عبور کرنے کی فہرست میں پہلے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ بابراعظم سے قبل آسٹریلیائی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے 82 اننگز میں 14 سنچریاں اسکور کی تھیں لیکن بابراعظم نے 81 اننگز میں ہی یہ سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ مرد زمرہ میں اس سے قبل یہ ریکارڈ ہاشم آملہ کے نام تھا جنہوں نے 84 اننگز میں 14 سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اعظم 15 رنز کی کمی سے ہاشم آملہ کا ایک اور ریکارڈ توڑنے سے محروم ہوگئے، ورنہ وہ تیز ترین 4000 رنز بھی مکمل کرلیتے۔ بابر اعظم سے قبل انگلینڈ میں کسی بھی پاکستانی کا اعظم ترین اسکور انضمام الحق کے نام تھا جنہوں نے 2019ء میں 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ بابراعظم ایسے پہلے کپتان بنے ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے مقابلہ میں 150 سے زائد رنز کا انفرادی اسکور بنایا ہو کیونکہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گرائم اسمتھ نے سنچورین میں 141 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ بابراعظم انگلینڈ کے خلاف تیسرے ونڈے میں جو شاندار 150 سے زائد رنز کی اننگز کھیلی ہے اس سے قبل انہوں نے ونڈے میں کبھی 125 رنز سے زائد کا اسکور نہیں بنایا تھا۔ بابراعظم اور محمد رضوان کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے جو 179 رنز کی پارٹنر شپ بنی وہ انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کی کسی بھی وکٹ کیلئے بننے والی سب سے بڑی پارٹنر شپ رہی کیونکہ اس سے قبل رمیز راجہ اور سلیم ملک نے 1987ء کے مقابلہ میں 167 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی تھی۔ بابراعظم تیسری وکٹ کیلئے 2006ء میں محمد یوسف اور یونس خان نے بھی 167 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی تھی۔ پاکستانی کپتان بابراعظم کی اس ریکارڈ توڑ سنچری کے باوجود مہمان ٹیم کو تیسرے مقابلہ میں شکست کے ساتھ تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بابر پہلے اور کوہلی دوسرے مقام پر
دبئی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں پہلے مقام پر موجود ہیں۔ونڈے درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کا دوسرا اورروہت شرما کا تیسرا نمبر ہے۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 7ویں، ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ 8 ویں نمبر پر آگئے اورنیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا 10واں نمبر ہے۔ ونڈے بولنگ درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر ہے ۔ ونڈے آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی20 بولنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریزشمسی پہلے نمبر پر جبکہ افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔آل راؤنڈرزکی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

برہم شائقین کا احتجاج
برمنگھم ۔ پاکستانی کرکٹ شائقین تیسرے میچ کی بھی ہار برداشت نہ کرسکے اورگو مصباح الحق گو، گو وقار یونس گو کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ ونڈے سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا جس کے نتیجہ میں میچ کے اختتام پر غصے میں بھرے شائقین کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔شائقین نے مصباح الحق اور وقار یونس کے خلاف احتجاجکیا۔