لاہور : قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ نے کرائسٹ چرچ سے آکلینڈ پہنچ کر وطن واپسی کے لیے سفر ہفتے کو شروع کردیا تھا، پاکستان شاہینز کا سکواڈ جمعے کو وطن واپس پہنچا،قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وائٹ بال نائب کپتان شاداب خان بھی شاہینز کے ساتھ آئے تھے۔ وطن واپس آنے والے ان فٹ کرکٹرز اب ہائی پرفارمنس سینٹر میں فٹنس بحالی کیلئے کوشاں ہوں گے، بابراعظم پیر کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کریں گے اور میڈیکل چیک اپ کے بعد انہیں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے ساتھ پریکٹس سیشن کی اجازت ملے گی۔ بابراعظم نے انگوٹھے کی تکلیف سے چھٹکارا پانے کے بعد نیوزی لینڈ میں ہی ہلکی بیٹنگ پریکٹس شروع کردی تھی اور اب باقاعدہ بیٹنگ پریکٹس کرکے وہ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز سے قبل مکمل فٹنس حاصل کریں گے۔ قومی وائٹ بال کپتان شاداب خان منگل کو ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچ کر اپنے بائیں پائوں کی انجری کا معائنہ کرائیں گے، لیگ سپنر کو نیوزی لینڈ میں ڈاکٹر نے 6 ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا جس کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں لیکن بحالی پروگرام میں شرکت کرکے پی ایس ایل 6 کا حصہ بنیں گے،اوپنر امام الحق کی فٹنس بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے، بابراعظم اور امام الحق کی جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں شرکت یقینی ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان 14جنوری کو متوقع ہے۔