بابرپاکستان کی اچھی کارکردگی کیلئے پرعزم

   

لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے پیش نظر ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کامیابی کے تعلق سے پرعزم ہیں۔ اخبار ’ڈان‘ کو انٹرویو میں بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ہماری تیاریاں جتنا ممکن ہو بہتر ہوگا۔میگاایونٹ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف 5 اور انگلینڈ کے خلاف دو میچ کھیلیں گے، جو ہمارے لیے مفید ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ اعداد وشمار بتا رہے ہیں کہ ہم نے 31 میں سے 21 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ہمارے اعتماد کی سطح بلندہے۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستان کے کپتان نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے حالات کے عادی ہیں کیونکہ ہم نے ان پچز میں بہت کرکٹ کھیلی ہے اور یہ خوش قسمت مقام بھی رہا ہے جہاں پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی نمبرایک ٹیم بن گئی تھی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر میں یو اے ای میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان گروپ 2میں اپنا پہلا میچ ہندوستان کے خلاف 24 اکتوبر کو کھیلے گا۔