کراچی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ہندوستان کے خلاف بہترکھیلنے کے لیے پْر عزم ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف میچ تاریخی ہوتا ہے، پوری دنیا ہند۔ پاک میچ کو دیکھتی ہے۔ ہندوستان کے خلاف میچ سے ہم بھی بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ خصوصی انٹرویو میں تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بھی ہندوستان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے، جو ہم ہندوستان کے خلاف کریں گے۔ اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ 23 اکتوبرکو روایتی حریف پاکستان اورہندوستان کی ٹیموں کے درمیان بڑا مقابلہ تاریخی میدان میلبورن کرکٹ گراونڈ میں ہوگا۔گزشتہ برس دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے ہندوستانکو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، حالات مختلف ضرور ہیں لیکن پاکستان کے لیے مشکل نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کی وکٹوں اور حالات کو جانتا ہے کہ وہاں کیسی کرکٹ کھیلنی ہے ۔