بابری مسجد۔ رام جنم بھومی املاک تنازعہ معاملہ میں فیصلہ جلد ہی آنے کی امید ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا ( سی جے آئی) رنجن گگوئی نے اس معاملہ پر 18 اکتوبر تک بحث پوری کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت کے لئے اب ایک دن کی بھی توسیع نہیں کی جائے گی۔ سی جے آئی کے مطابق، اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو پھر چار ہفتے کے اندر کوئی فیصلہ لینا کسی کرشمہ سے کم نہیں ہو گا۔
اس معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس رنجن گگوئی ،جسٹس ایس اے بوبڑے،جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ،جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنظیر کی آئینی بینچ نے کہا کہ وہ چاہتی ہے کہ 18اکتوبر تک ہر حال میں سماعت پوری ہو۔ بتا دیں کہ چیف جسٹس رنجن گگوئی 17 نومبر کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ ایسے میں امید جتائی جا رہی ہے کہ اس معاملہ میں فیصلہ جلد آئے گا۔
اس درمیان آج ایودھیا معاملہ پر 32 ویں دن کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ مسلم فریقوں نے اس ہفتے ایک گھنٹے اضافی سماعت کی مانگ کی ہے۔