راجستھان کے سابق گورنر کلیان سنگھ مشکلات میں گھرتے نظر آرہے ہیں ۔ بابری مسجد انہدام کیس معاملہ میں کلیان سنگھ کو سمن جاری کرنے کیلئے سی بی آئی نے پیر کو اسپیشل جج اجودھیا معاملہ سی بی آئی کورٹ لکھنو کی عدالت میں درخواست داخل کی ہے ۔ کلیان سنگھ بابری مسجد انہدام کیس میں مجرمانہ سازش کیلئے مقدمے کا سامنا کرسکتے ہیں ۔
وہیں راجستھان کے سابق گورنر کلیان سنگھ گزشتہ روز دوبارہ سرگرم سیاست میں اتر آئے ۔ لکھنو میں بی جے پی ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں کلیان سنگھ نے بی جے پی کی رکنیت اختیار کی ، جس کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اب وہ الیکشن نہیں لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے الیکشن لڑے ہیں ، لیکن اب وہ کوئی الیکشن نہیں لڑیں گے ۔
رام مندر کے معاملہ پرپوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کلیان سنگھ کہا کہ یہ سیاست کا موضوع نہیں ہے ۔ یہ کروڑوں ہندوستانیوں کی آستھا کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اپوزیشن پر بھی نشانہ سادھا ۔ کلیان سنگھ نے پوچھا کہ دیگر پارٹیاں بتائیں کہ وہ رام مندر کی تعمیر کو لے کر کیا سوچتی ہیں ۔
اس موقع پر کلیان سنگھ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے کاموں کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی اچھا کام کررہے ہیں ۔ حالانکہ انہوں نے اپنی مدت کار کا یوگی حکومت سے موازنہ کرنے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت مسلسل ترقی کیلئے کام کررہی ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کے سوال پر کہا کہ یہ کافی اطمینان بخش ہے کہ ابھی تک ایک بھی فساد نہیں ہوا ہے ۔