فیصلہ مسلمانوں کے حق میں آنے پر اللہ کا شکر ادا کریں ، جماعت اسلامی کا اجلاس
حیدرآباد۔8نومبر(سیاست نیوز) بابری مسجد فیصلہ کے سلسلہ میں مسلمان جذبات سے بالاتر امن و امان کی برقراری اور صبر تحمل کا مظاہرہ کریں۔جماعت اسلامی کی جانب سے مختلف تنظیموں کے ذمہ داران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس اجلاس کے ذریعہ مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس انتہائی اہم اور تاریخ ساز فیصلہ پر کسی کے بہکاوے اور سازش کا شکار نہ ہوں بلکہ اللہ سے پوری امید رکھیں کیونکہ مسلمانوں نے اس معاملہ میں کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ جب مصالحت کی بات کی گئی تھی تب سے نیک نیتی کے ساتھ اس میں حصہ لیا گیا اور جب تاریخی شواہد کی بات کی گئی تو اس میں بھی مسلمانوں نے تاریخی حقائق کے انبار لگا دئیے اور معاملہ جب عدالت میں پہنچا تو پیروی کرنے والوں نے مدلل مباحث کے ذریعہ یہ ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کی کہ بابری مسجد مسلمانوں کی ملکیت ہے۔فیصلہ مسلمانوں کے حق میں آنے کی صورت میں اللہ کا شکر اداکریں اور کسی بھی طرح کے جشن سے گریز کریں اور اگر فیصلہ اس کے برعکس آتا ہے تو اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ ہر شر میں بھی خیر کا پہلو ہوتا ہے اور اس پر کوئی شدید ردعمل ظاہر نہ کریں۔اس اجلاس میں امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان‘ مولانا صفی احمد مدنی‘ مولانا محسن عثمانی ندوی ‘ مولانا تقی رضا عابدی ‘ مفتی معراج الدین ابرار‘مولانا نصیر الدین‘ مولانا مشتاق ملک‘مولانا سید فضل اللہ قادری‘مولانا اسرار حسین رضوی ‘ڈاکٹر فخر الدین محمد‘ جناب مجاہد ہاشمی‘ جناب منیر الدین مجاہد ‘ مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری‘ جناب علی قادری کے علاوہ کئی اہم شخصیتیں موجود تھیں ۔