سی پی آئی قائدین ڈاکٹر نارائنا اور سدھاکر ریڈی کا رد عمل
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا اور سی پی آئی کے سابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے بابری مسجد مقدمہ کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے ہر کسی کو امن اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے زیر التواء اس تنازعہ کا سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس کا استقبال کیا جانا چاہیئے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ نے فریقین کے اطمینان کے مطابق فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن اور بھائی چارہ کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی تنازعہ کو سیاسی قائدین نے اپنے فائدہ کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی تھی اس طرح یہ تنازعہ گہرا ہوگیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اپنے قطعی فیصلہ میں مسجد اور مندر کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کی ہے۔ اگرچہ یہ فیصلہ بعض فریقین کو قابل قبول نہیں ہوسکتا لیکن ملک کے وسیع تر مفاد میں اسے قبول کرنا چاہیئے تاکہ امن و ضبط اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں سپریم کورٹ کا فیصلہ لائق ستائش ہے۔