ایم بی ٹی کا جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ ، مجید اللہ خاں فرحت اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 13نومبر(سیاست نیوز) مجلس بچائوتحریک کے جلسہ رحمتہ العالمینؐ سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک مجید اللہ خان فرحت نے کہاکہ سارے ملک میں ایودھیافیصلے پر کسی نے مخالفت میں آواز نہیںاٹھائی ‘ مگر عاشقان رسول کی ٹولی ‘ اور محبان امان اللہ خان نے فیصلے کی پرزور انداز میںمذمت کی اور فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ جلسہ رحمت العالمین سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللہ خان نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میںمجلس بچائو تحریک بابری مسجد کے عنوان پر قومی کانفرنس منعقد کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہماری یہ انصاف کی لڑائی کسی بابری مسجد یا رام جنم بھومی کے لئے نہیں تھی بلکہ انسانیت اور فاشزم کے درمیان کی لڑائی تھی‘ جس کو کسی نے اپنے سیاسی اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ بھی بنالیاہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی حکومت کے خلاف جاکر ملک کی سالمیت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانا کانام ہے او ریہ کام بابری مسجد کو شہید کرنے والوں نے کیاتھا مگر ‘ حکومتیں انہیںدہشت گرد کہنے سے گریز کرتی رہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کوئی او رنہیںبلکہ آر ایس ایس او ردیگر فرقہ پرست تنظیمیںہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک عدالت کا فیصلہ مسلمانوں کے حق میںنہیںآتا اور بابری مسجد جہاں پر قائم تھی وہا ں پر دوبارہ تعمیر نہیںکردی جاتی تب تک ملک کی عدالتوں پر مسلمانوں کے اعتماد کی بحالی ممکن نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ساری دنیا میںاسلام کو بدنام کرنے والا گروہ اپنا کام کررہا ہے تودوسری طرف دنیا کے نقشہ پر ظلم وزیادتیوں کی منھ بولتی تصویریں مسلمانوں کی ہیں‘ باطل طاقتیں چاہئے وہ فلسطین میںہوں یا پھر شام میں مسلمانوں کو سرنگوں کرنے کی کوششیں کررہے ہیں مگر پریشانی’ مصیبت اور تنگ دستے کے عالم میںبھی مسلمان اللہ کے سوائے کسی کے سامنے جھکنے کو تیار نہیںہے ۔ مہمان مقرر علامہ مفتی سرفراز احمد مصباحی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور پرنورؐ کی تعلیمات پر عمل دنیا اور آخرت دونوں میںکامرانی کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے تحریک کی کاوشوں کو سراہا او رکہاکہ بے سروسامانی کے عالم میں پچھلے 28سالوں سے جلسہ رحمت العالمینؐ کا مسلسل انعقاد سرکاری دوعالمؐ سے محبت کا حقیقی ثبوت ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانوں کو صبر تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت کا فیصلہ یہ ہے کہ مسجد کی تعمیر کسی مندر کو توڑ کر نہیں بنایاگیا۔ انہو ں نے کہاکہ عدالت نے واضح کردیا ہے کہ بابری مسجد کا انہدام مجرمانہ اقدام ہے۔مگر اے ایس ائی کی رپورٹ کی بنیاد پر عدالت نے فیصلے دیتے ہوئے کی ملک کی اکثریتی آبادی کے جذبات کو یقینی طورپر ملحوظ رکھا ہے۔ترجمان مجلس بچائو تحریک امجد اللہ خان نے جلسہ رحمت العالمین ؐ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر بابری مسجد کی شہادت نہیںہوتی توشائد مجلس بچائو تحریک کا قیام عمل میں ہی نہیں آتا‘بابری مسجد کے متعلق فیصلے پر غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان کی روح رورہی ہوگی۔ مسلمانو ںکے ساتھ بربریت‘ ظلم وزیادتی کے خلاف تحریک قائم کی گئی تھی۔میر ا تعلق ایک ایسی ریاست سے ہے جہاں کے جاگیردار حکمران نے مندر کی تعمیر کے لئے زمین اور عطیہ دیاتھا ‘ مگر پانچ سال کی حکمرانی میں یہ فرقہ پرست ذہنیت کے حامل لوگوں نے اپنا رنگ دیکھایاہے۔آستھا کی بنیاد پر الہ آبادہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سڑک پر اترے اور احتجاج کرنے والوں میںمجلس بچائو تحریک شامل ہے۔مسجد کی شہادت کے لئے کانگریس ذمہ دار ہے اور تحریک کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے۔مسلمانوں کی جماعتوں اور تنظیموں کو کسی اور نے نہیںبلکہ مسلمانوں نے کمزور کیا ۔ طلاق ثلاثہ کے مسئلے پر ساری ہندوستان میںاحتجاج ہوتا ہے مگر حیدرآباد میںکوئی احتجاج نہیںہوا ہے‘ اس کی وجہہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بابری مسجد کے خلا ف فیصلے پر مگرمچھ کے آنسو بہانے والے عنبر پیٹ کی مسجد یکخانہ شہید کردی گئی تھی تب وہ کہاں تھے۔ وہ لوگ روز محشر اللہ کے پاس جوابدہوں گے جو مسجدیکخانہ کی شہادت پر خاموش رہیں‘ آلیر انکاونٹر پر خامو ش تماشائی رہے‘ آرمی کیمپ میں معصوم مصطفیٰ کو زندہ جلانے کے واقعہ پر خامو ش رہے ہیں۔مجاہدانہ قیادت ہی مستقبل میں بابری مسجد جیسے سانحہ سے روکنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ہندوستان میں کوئی ایسی تنظیم نہیںہے ‘ جس نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ مستقبل میں تحریک اس پر یقینا کوئی لائحہ عمل ضرورتیارکرے گی۔علامہ شوکت علی مرزا نے کہاکہ اللہ سب کا رب ہے ماننے والوں کے لئے بھی رب ہے اور ناماننے والوں کے لئے بھی رب ہے ٹھیک اسی طرح نبیؐ بھی ماننے اور ناماننے والے دنوں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے ہیں۔دنیا کے پاس وقت نہیں ہے کہ وہ فلسفہ اسلام او رفلسفہ نبی کو پڑھے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ساری دنیا میں مسلمان اپنی عزت نفس کی لڑائی لڑرہا ہے۔جہالت نسلوں کی بربادی کا ذریعہ بنتی ہے ‘ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد او رعورت کے لئے فرض ہے۔اپنی اولادوں کو تعلیم سے ہمکنار کرو ‘ جس سے نسلوں میںسدھار اجائے گا۔مولانا سید بختیار عالم نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ وعلیہ سلام وجہہ تخلیق کائنات ہیں۔ اللہ کے رسولؐ کا اسوہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ نبیؐ ساری عالموں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے ہیں ۔شاعروں میں جناب مسرور عابدی‘ جناب تقی رضاعابدی‘معراج احمد‘ حافظ نوال الرحمن‘ مولوی محمد نصیر الدین‘ کمسن قاری محمد ہارونی احمد‘ فقیر محمد صمدانی‘ سید مصطفیٰ علی سید‘نے بارگاہ رسالت مآب ؐ میں منظور نذر انہ عقیدت پیش کیاہے۔ جلسہ کی کاروائی سکندر مرزا نے چلائی اور بارگاہ رسالت مآب میں سلام کا نذر انہ پیش کرنے کے بعد جلسہ کا اختتام عمل میںآیا۔مجلس بچائو تحریک کے سینئر قائدین الحاج سید طاہر‘ ماجد خان‘ الطاف نصیب خان‘سکندرخان نے بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔