بابری مسجد گرانے کو سپریم کورٹ نے غیر قانونی ٹہرایا ،کیا قصورواروں کو سزا دی جائے گی ؟ دگ وجے کا سپریم کورٹ سے سوال

,

   

ایودھیا معاملہ کا فیصلہ آچکا ہے اسکے بعد سے سیاسی جماعتوں کی سیاست گرم ہے۔ کانگریس کے رہنما دگوجے سنگھ نے بھی اس ضمن میں ٹویٹ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے لیکن انہوں نے اس کے ساتھ یہ سوال بھی کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے انہدام کو غیر قانونی عمل قرار دیا ہے، مگر کیا اب مجرموں کو سزا دی جائے گی؟کانگریس کے رہنما دگوجے سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا، ’’رام جنم بھومی کے فیصلے کا ہم سب کے احترام کرتے ہیں اور ہم مشکور ہیں۔

 کانگریس نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہر تنازعہ کا حل صرف آئین کے قائم کردہ قوانین اور قواعد کے دائرہ کار میں ڈھونڈنا چاہئے۔ انہدام اور تشدد کا راستہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔‘‘دگوجے سنگھ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں لکھا، ’’رام جنم بھومی فیصلے میں سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے انہدام کے عمل کو غیر قانونی جرم قرار دیا ہے۔ کیا مجرموں کو سزا دی جائے گی؟ دیکھتے ہیں، 27 سال ہو گئے۔‘‘غورطلب ہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز جو فیصلہ سنایا اس میں کہا گیا ہے کہ 1934 میں مسجد کو نقصان پہنچا نا، 1949 میں بے حرمتی کرنا اور 1992 میں مسجد کو منہدم کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

اسی پر اب دگوجے سنگھ نے سوال اٹھایا ہے۔واضح رہے کہ 6 دسمبر 1992 کو ہندو کارسیوکوں کے ہجوم نے بابری مسجد کو منہدم کر دیا تھا۔ اس معاملے میں بی جے پی رہنما ایل کے اڈوانی سمیت دیگر 13 افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ اس معاملے میں چارج شیٹ دائر کر دی گئی ہے اور مقدمہ عدالت کے زیر غور ہے اور فیصلہ آنے والا ہے۔