راولپنڈی، 15 نومبر (یواین آئی) پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم نے بالآخر 807 دنوں کی خاموشی توڑتے ہوئے سنچری بنا ڈالی، جس سے ان کی فارم پر اٹھنے والے سوالات کا خاتمہ ہوگیا اور ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی مسلسل 83 اننگز تک سنچری نہ بنانے کے بعد بابر نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ونڈے میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 102رنز کی بھرپور اننگز کھیلی۔ ان کی یہ سنچری نہ صرف پاکستان کیلئے اہم ثابت ہوئی بلکہ ان کے مداحوں کیلئے بھی بڑی خوشخبری تھی، جو طویل عرصے سے ان کے بڑے اسکور کا انتظار کررہے تھے۔ اپنی اس شاندار کارکردگی کے بعد بابر نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر میچ کی چند تصاویر شیئر کئے۔ بابر کی شاندار سنچری کے ساتھ پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ونڈے میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا، 289رنز کا ہدف پاکستان نے دس گیندیں پہلے حاصل کر لیا۔ بابر نے 8 چوکوں کی مدد سے 102رنز بنائے ، اس سنچری کیلئے انہوں نے 2 سال 2 ماہ سے زیادہ عرصہ صبر کیا۔ سنچری بنانے کے بعد بابر نے پہلے ڈریسنگ روم اور پھر آسمان کی طرف دیکھا اور پھر سجدہ کیا۔ناظرین نے ہر اسٹروک پر انہیں جی بھر کر داد دی۔ جب انہوں نے سنچری بنائی تو پورے اسٹیڈیم نے انہیں کھڑے ہو کر داد دی۔ آخر میں وننگ اسٹروک بھی بابر ہی کے حصے میں آیا۔میچ کے بعد بابر نے کہا کہ مداحوں کی سپورٹ سے بہت حوصلہ ملا، جو ہدف تھا اس کے مطابق بیٹنگ کی، سنچری اسکور کرنے کے بعد اعتماد بحال ہوا ہے ۔ خود پر بھروسہ تھا کہ سنچری اسکور کرنی ہے ۔
