بابر اعظم کو کپتانی چھوڑدینی چاہئے :شعیب ملک

   

کراچی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو رضا کارانہ طور پر خود قیادت چھوڑ دینی چاہیے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ بابر اعظم ایک بہترین بیٹر ہے، لیکن ہم لوگ اس کی قائدانہ صلاحیتوں اور بیٹنگ کی اہلیت کو ایک ترازو میں رکھ کر ناانصافی کرتے ہیں۔ شعیب ملک نے مزید کہا ہے کہ ایسا 20 سے 25 سال پہلے ہوتا تھا، جب ایک کھلاڑی اپنی انفرادی کارکردگی سے میچ جِتا دیا کرتا تھا، آج ایسا نہیں ہے، آپ کو ٹیم میں چار سے پانچ مظاہرے کرنے والے کھلاڑی درکار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ بابر اعظم کی جگہ ہوتے تو قیادت سے علیحدہ ہو کر اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز رکھتے، انہوں نے بابر اعظم کے قریبی لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ انہیں کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دیں۔ سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ اس سے بابر اعظم بین الاقوامی سطح کے کئی اور ریکارڈ بنا سکتے ہیں اور صرف دباؤ ان کی بیٹنگ تک محدود رہے گی۔ پاکستانی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی ابھی بہتری کے عمل سے گزر رہی ہے اور اس میں پختہ ہونے میں انہیں بہت وقت درکار ہے، ہمارا کلچر یہ ہے کہ ہم فوراً نتائج کی امید کرتے ہیں۔