راولپنڈی۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سرزمین پر 10 سال بعد منعقد ہونے والے تاریخی ٹسٹ میچ کو بارش اور خراب موسم نے کافی متاثر کیا لیکن مقابلے کے آخری دن پاکستانی شائقین کیلئے اپنے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم اور عابد علی کی سنچریوں نے جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔ مقابلے کا آخری دن ٹسٹ کیلئے بہتر ثابت ہوا جہاں پہلے ڈی سیلوا کی سنچری کے بعد سری لنکائی ٹیم نے اپنی اننگز ڈیکلیر کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد جب پاکستانی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں آج سری لنکا نے اپنی کل کی اننگز 282/6 سے آگے کھیلنے شروع کیا اور پہلی اننگز308/6 پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ سری لنکا کے لئے ڈسلوا نے 166 گیندوں میں 102 رنز اسکور کئے جبکہ انہوں نے اپنی ناٹ آؤٹ اننگز میں 15 چوکے بھی لگائے۔ پاکستان کیلئے نسیم شاہ نے 92 اور شاہین آفریدی نے 58 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علاوہ ازیں محمد عباس اور عثمان شنوری کو فی کس ایک وکٹ ملی۔ پاکستان کیلئے نئے اوپنر عابد علی نے 201 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 109 رنز جبکہ بابر اعظم نے 128 گیندوں میں 14 چوکوں پر مشتمل اپنی ناقابل تسخیر اننگز میں 102 رنز اسکور کئے۔ دونوں کے درمیان 162 رنز کی پارٹنرشپ رہی جو انہوں نے تیسری وکٹ کیلئے بنائی۔ سرفراز احمد کے مقام پر ٹسٹ ٹیم میں کپتان بنائے جانے والے اظہر علی اپنے ملک میں بھی ناکام رہے جنہوں نے 81 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور کئے۔ دن کے اختتام پر جب مقابلہ بغیر نتیجہ کے ختم ہوا تو پاکستانی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کے لئے رجیتا اور کمارا نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے 2009ء میں سری لنکائی ٹیم پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں ٹسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔