اسلام آباد : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور ویراٹ کوہلی کے درمیان موازنہ کرنا درست نہیں، کوہلی بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ بابر کا ابھی آغاز ہے۔مصباح الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم جب ویراٹ کوہلی جتنی کرکٹ کھیل لیں پھر موازنہ کریں کیونکہ ویراٹ کوہلی نے جو کچھ حاصل کیا اس کا کوئی میچ ہی نہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں، ان کی اب تک شاندار پرفارمنس ہے اور وہ پاکستان کے عظیم بیٹرز میں سے ایک ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم ہر سال ہر فارمیٹ میں ٹاپ 5 رینکنگ میں آتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ بابر اعظم ایک کوالٹی کرکٹر اور بیٹر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ میں کارکردگی اچھی جا رہی ہے جبکہ ٹیسٹ پرفارمنس نیچے آئی ہے جس کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم کو جس طرح ٹارگٹ کیا گیا ہے وہ درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم ہو یا کوئی اور پہلے چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے صرف بیانیہ بنانے یا دباو? ڈالنے سے فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، یہ درست نہیں کہ بس سوچ لیا تو پھر ہٹانا ہی ہے۔