کراچی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب بیٹر بابر اعظم کو دوبارہ ونڈے اور ٹی 20 کا کپتان مقررکردیا۔ پی سی بی کی جانب سے ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویزکے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ونڈے اور ٹی 20 ) کپتان مقررکر دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بیٹر نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب ذرائع نے موجودہ ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ وہ کپتان کی تبدیلی کی خبروں سے ناخوش ہیں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد 15 نومبر 2023 کو بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دیدیا تھا، استعفی کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقررکیا تھا۔ تاہم 25 مارچ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کے لیے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہرکیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈکپ سمیت 71 ٹی 20 میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے، وہ 52 ٹسٹ، 117 ونڈے، 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
عمران نذیر واپسی کیلئے پرعزم
کراچی ۔ عمران نذیر کرکٹ کے میدانوں میں واپس آگئے اور انہوں نے اب اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ہے۔ عمران نذیر نے اپنے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اگر فٹنس لیول حاصل کرتا ہوں تو کیوں اعلیٰ سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتا، میں چونکہ بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کے لیے تھوڑا وقت لگے گا۔ عمران نذیر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ کی مہارت پر ایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللّٰہ کِھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے معیار کی کرکٹ کھیلوں گا۔عمران نذیر نے بتایا کہ میری سِلو پوائزننگ کی گئی، اس کے لیے میں کسی کا نام نہیں لوں گا بس ان کے لیے دعا کروں گا، میری صحت یابی میں بہت وقت لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈراؤنا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔