کراچی ۔ پاکستانی ونڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے زمبابوے کیخلاف سیریز کے آخری میچ میں شاندار سنچری کے باوجود ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔بابر اعظم نے میچ کے بعد رمیز راجا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دومقابلوں میں ہم نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن تیسرے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم میچ کو اچھے انداز میں ختم نہیں کر پائے جس کی وجہ ہماری چند غلطیاں ہیں۔ بیٹنگ میں جس طرح شراکت قائم کرنی تھی وہ نہیں کر پائے لیکن جب وہاب ریاض اورمیری شراکت ہوئی تھی تو اس وقت ہمیں میچ جیت کرآنا چاہیے تھا۔ سوپر اوورکے حوالے سے کپتان نے کہا کہ فخر زمان، افتخار احمد اورخوشدل شاہ ہمارے جارحانہ کھیلنے والے بیٹسمین ہیں، ان کا مزاج بھی ایسا ہے اورڈومیسٹک میں بھی اسی طرح کھیلتے ہیں اسی لیے ان کو بھیجا گیا۔ بابراعظم نے کہا ہمیں بہت بہتری کی ضرورت ہے خاص کر فیلڈنگ میں بہتری کی اشد ضرورت ہے کیونکہ میچ میں کیچزگرائے گئے اورفیلڈنگ اچھی ہوتی تو ہمیں یہ ہدف نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں ہمارے ساتھ جلد بازی کا مسئلہ ہے اور شراکت نہیں کرپاتے لیکن کوشش کریں گے کہ منصوبے کے مطابق کھیلیں اور اس کے لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ میچ میں سنچری کے باوجود ٹیم کی شکست سے متعلق انہوں نے کہا کہ جب میچ ہارجاتے ہیں توسنچری سے اطمینان نہیں ملتا اور اس چیزکا دکھ ہے اس لئے آج میچ کو ختم نہ کرنے پر جو میں نے سیکھا اس پر آئندہ کام کروںگا اور ایسے حالات پیش آنے کی صورت میں میچ کو ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔ خیال رہے کہ بابراعظم اور وہاب ریاض نے ساتویں وکٹ پر 100 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے مشکل میں گھری ہوئی ٹیم کو 251 رنز تک پہنچا کر جیت کی امیدیں بحال کردی تھیں۔ دونوںکھلاڑیوں نے شراکت کے دوران بہترین بیٹنگ کی، بابراعظم نے اپنی سنچری جبکہ وہاب ریاض نے اپنی نصف سنچری بنائی۔