بابر نے ونڈے میں کوہلی سے پہلا مقام چھین لیا

   

دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ونڈے درجہ بندی کے مطابق بابر اعظم نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے مقام پر قبضہ جما لیا ہے ۔ کپتان ویرات کوہلی اکتوبر2017 سے آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں پہلے مقام پر موجود تھے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر28 درجہ بندی کے نشانات حاصل کیے۔ سیریز کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی اور پاکستان کے بابراعظم کے درمیان 20 نشانات کا فاصلہ تھا۔میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ونڈے میچ میں 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر بابراعظم آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم سیریز کے دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے باعث وہ پانچ نشانات گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسرے مقام پر پہنچ گئے۔بابرسیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 94 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔ اس اننگز کی بدولت وہ ونڈے کے درجہ بندی میں پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
پنت کپتانی میں بہتر مظاہرہ کریں گے : لارا
ممبئی : سابق عظیم بیٹسمین برین لارا کا ماننا ہیکہ وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران انتہائی بہترین مظاہرے کئے ہیں اور وہ رواں آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولس کیلئے کپتانی میں بھی بہتر مظاہرہ کریں گے۔ 23 سالہ پنت کو دہلی کیپٹلس کے مستقل کپتان شریاس ایئر کے زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔