کراچی ۔26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹی20 ٹیم کے نئے کپتان بابر اعظم اپنی پہلی ہی پریس کانفرنس میں ڈگمگا گئے اور ان کے بیان سے پاکستانی کرکٹ میں نیا تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ناتجربہ کاری نئے کپتان کے آڑے آگئی اور ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وہ ڈگمگا گئے اور ایک ایسا جواب دے گئے جو ان کے لئے مسائل کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ تنازعہ بھی کھڑا کر سکتا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے ٹی20 اسکواڈ میں سینئر کھلاڑیوں کی عدم شمولیت کے حوالے سے سوال پوچھا گیا لیکن ان سے اس کا کوئی صحیح جواب نہ بن سکا اور وہ غیردانستہ طور پر غلطی کر گئے۔ یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے اعلان کردہ ٹی20 اسکواڈ سے سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کو بھی خارج کردیا گیا تھا۔