بابر کو مہینے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

   

دبئی ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر قسمت مہربان ہے، اس مرتبہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پلیئر آف دی منتھ ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔آئی سی سی ماہ کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب شائقین کرکٹ کی ووٹنگ سے کرتا ہے، اس ماہ کیلئے آئی سی سی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، فخر زمان اور نیپال سے تعلق رکھنے والے کوشال برنرکو نامزد کیا تھا۔آخری کے تین ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 228 رنز بنانے والے اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 305 رنز بنا کر آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں نمبر ایک مقام حاصل کرنے والے بابر اعظم سب سے زیادہ ووٹس لینے میں کامیاب رہے۔آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے ماہِ اپریل کے بہترین پلیئر منتخب ہونے پر آپ کو مبارک ہو۔یاد رہے کہ آئی سی سی کے پول میں شائقین کرکٹ کے ووٹس کو دیکھتے ہوئے پینل پولنگ کے نتائج کا اعلان کرتا ہے جبکہ ہر ماہ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کا اس سال جنوری میں آغاز ہوا اور ابتدائی تین ماہ ہندوستان کے کھلاڑیوں نے اعزاز حاصل کئے ہیں۔
پاکستان کا زمبابوے
کے خلاف کلین سوئیپ
ہرارے ۔ پاکستان نے ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر دو ٹسٹ میچز کی سیریز2-0 سے جیت لی ہے۔چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی اور زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگزمیں 231 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین آفریدی نے فی کس5 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے زمبابوے کو کلین سوئپ کردیا عابد علی عمدہ بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ فاسٹ بولرحسن علی عمدہ بولنگ پر مین آف دی سیریز رہے۔گزشتہ روز میزبان ٹیم نے فالو آن کے بعد تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 220 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی تھی اور اسے خسارہ ختم کرنے کے لئے مزید 158 رنز درکار ہیں۔پہلی اننگز میں پاکستان نے عابد علی کی شاندار ڈبل سنچری، اظہر علی کی سنچری اور نعمان علی کے 97 رنز کی بدولت 510 رنز کا اسکور بنایا تھا۔حسن علی کی پہلی اننگز میں تباہ کن بولنگ کی بدولت زمبابوے کی ٹیم صرف 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ فالو آن کے بعد میزبان ٹیم نے دوبارہ بیٹنگ شروع کی تو اس مرتبہ نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم پر قہر بن کر برسے۔نعمان علی 5 اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی 5 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے ریگز چکاباوا 80 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان برینڈن ٹیلر 49 اور کیون کسوزا نے 22 رنز اسکور کیے۔پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی جنہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا ہے انہوں نے زخموں سے صحت یابی اور ٹیم میں شاندار واپسی کو ایک طویل سفر قراردیا اور کہا کہ زخموں سے صحت یاب ہوکر فٹنس حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔