بابر کو نمبر 4 بیٹنگ کرنے عمران خان کا مشورہ

   

کراچی ۔26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کا شمار اس وقت دنیائے کرکٹ کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے اور آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میچ میں سنچری بنا کر ان کے مداحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس میں نیا نام وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 5رنز سے شکست دی تھی۔ میچ کی پہلی اننگز میں بابر ناکامی سے دوچار ہوئے لیکن انہوں نے دوسری اننگز میں سنچری اسکور کی ۔ بابر نے محمد رضوان کے ہمراہ شاندار شراکت قائم کرنے کے ساتھ سنچری بھی اسکور کی۔ بابراعظم اپنی سنچری کے باوجود پاکستان کو شکست سے تو نہ بچا سکے لیکن اس کی بدولت انہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور بڑے بڑے کھلاڑیوں سے داد وصول کی، جن میں سب سے نمایاں نام ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔ میچ کے چوتھے دن کمنٹری کے دوران سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں بابراعظم کے لیے پیغام دیا ہے کہ بابراعظم شاندار تکنیک کے حامل بہترین بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عمدہ تکنیک کے حامل بابر کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔