بابر کو ٹی 20 درجہ میں ترقی، کوہلی 5 ویں مقام پر

   

دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی 20 درجہ بندی جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پرپہنچ گئے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے جبکہ ایرون فنچ تیسرے نمبر پر ہیں۔آئی سی سی درجہ بندی میں پاکستانی کپتان بابر اعظم دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، ان کے نشانات کی تعداد 844 ہوگئی ہے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 892 نشانات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسڑیلیائی کپتان ایرون فنچ ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے کا چوتھا اور ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کا پانچواں نمبر ہے۔بولنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے ، افغانستان کے راشد خان دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے آشٹن اگیر تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راونڈرز میں افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر ہیں۔
دھونی کے والدین کورونا سے متاثر
رانچی ۔ ہندوستانی عالمی فاتح ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے والدین کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔سابق کپتان کے والد پان سنگھ دھونی اور والدہ دیوکی دیوی بھی عالمی وبا کی زد میں آگئے ہیں جنھیں رانچی کے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کروایاگیا ہے ۔ سابق کپتان کے والدین رانچی للگڑوامیں ایک فارم ہاؤس میں رہتے ہیں۔دواخانہ کے ایک عہدیدار نیکہاکہ دھونی کے والدین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر ر ہی ہیں ۔ اس وقت اس کی حالت مستحکم ہے ۔ آئی پی ایل میں کھیل رہے ، دھونی میڈیکل اور اسپتال مینجمنٹ کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔