سبینا پارک ۔ویسٹ انڈیز اورپاکستان کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سخت مقابلہ ہے۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا لئے تھے۔ اب پاکستان کو 124 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔ کپتان بابراعظم نے پاکستان کے لیے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 36 رنز سے پیچھے تھی۔پاکستان کو اب 124 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کے پانچ وکٹ باقی ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے پاکستان کی واپسی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بابر54 رنز اور فہیم اشرف 12 رنز کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت کی۔ یہ شراکت طویل ہوتی دکھائی دے رہی تھی لیکن ہولڈر نے رضوان کو پویلین واپس بھیج دیا لیکن بابر اور فہیم نے تحمل سے اچھی بیٹنگ کی اور دن کے اختتام تک پانچویں وکٹ کے لئے 39 رنز جوڑے۔ بابر نے اپنی نصف سنچری 117گیندوں میں مکمل کی اور فہیم نے اب تک 12 رنز کیلئے 79 گیندوں کا سامنا کیا ہے ۔سبینا پارک کی پچ اب بھی فاسٹ بولروں کی مدد کر رہی ہے اور 200 سے زائد کا نشانہ مشکل ہوگا۔