باجی ریڈی نے آر ٹی سی صدرنشین کی ذمہ داری قبول کرلی

   

آر ٹی سی کی جائیدادیں فروخت نہیں کی جائیں گی، عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا

حیدآباد ۔ 20ستمبر ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن ریڈی نے آج بس بھون میں تلنگانہ آر ٹی سی صدرنشین کی نئی ذمہ داری قبول کرلی ۔ آر ٹی سی کی جائیدادوں کا تحفظ کرتے ہوئے آر ٹی سی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر کے علاوہ دوسرے وزراء نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے باجی ریڈی گووردھن ریڈی نے کہا کہ جس طرح ریلوے کے اثاثہ جات اور جائیدادیں فروخت کی جارہی ہیں اس طرح آر ٹی سی کی جائیدادیں فروخت نہیں کی جائیں گی بلکہ ان جائیدادوں کا تحفظ کرتے ہوئے تلنگانہ آر ٹی سی کی آمدنی میںاضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے قبل یومیہ آر ٹی سی کی آمدنی 13 کروڑ روپئے تھی لاک ڈاؤن وغیرہ سے آمدنی بڑی حد تک گھٹ گئی تھی ، اب حالاتسازگار ہورہے ہیں یومیہ آمدنی بڑھ کر 10 کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔ مزید 3 کروڑ روپئے آمدنی بڑھانے اور خسارے کو گھٹانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایشیاء کا سب سے بڑا ٹرانسپورٹ نظام ہے جو عوام کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک محفوظ طریقہ سے منتقل کرتا ہے ۔ حالیہ دنوں میں خسارے کا شکار ہوگیا ہے مگر اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد 95 فیصد بسیں بحال ہوگئی ہیں ۔ آر ٹی سی عملہ کو صد فیصد کورونا کے ٹیکے دیئے گئے ہیں ۔ دیہی علاقوں میں بھی آر ٹی سی بسوں کی خدمات بحال ہوئی ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء کے ٹی آر ، وی پرشانت ریڈی ، اندرا کرن ریڈی ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سریش ریڈی ، ایم ایل سی کویتا کے علاوہ دوسرے موجو د تھے ۔ (N)