بارامتی :جائے حادثہ سے بلیک باکس برآمد

   

نئی دہلی، 29 جنوری (یو این آئی) مہاراشٹر کے بارامتی میں چہارشنبہ کی صبح گر کر تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے ۔ جانچ میں شامل حکام نے جمعرات کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے لیئر جیٹ 45 طیارے کا بلیک باکس جائے وقوعہ سے مل گیا ہے ۔ اس طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ان کے ایک نجی سیکورٹی افسر، ایک اسسٹنٹ اور عملے کے دو ارکان کی موت ہوگئی تھی۔ اے اے آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل کی قیادت میں جانچ ٹیم بدھ کو ہی بارامتی پہنچ گئی تھی۔ تباہ ہونے والا طیارہ بزنس جیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی وی ایس آر وینچرز کا تھا۔ مسٹرپوار ممبئی سے بارامتی جا رہے تھے جہاں انہیں مقامی اداروں کے انتخابات کے سلسلے میں عوامی پروگراموں میں شرکت کرنی تھی۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ تفصیلی، شفاف اور مقررہ وقت کے اندر تحقیقات مکمل کرنا اس کی ترجیح ہے ۔