نئی دہلی15مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) مارچ میں تین دور کی ہو نے والی موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے ربیع کی فصلوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ پھلوں کے بادشاہ آم کا بور (منظر) کو زبردست نقصان ہوا ہے اور اس میں بیماری بڑھنے کے خطرے کے ساتھ ہی پولینیشن ( پھول دار پودوں میں پولن کا نر تولیدی عضو سے مادہ تولیدی عضو میں منتقل ہونے کا عمل) کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے ۔بے وقت ہونے والی موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے اتر پردیش کے علاوہ کئی دیگر مقامات میں آم کی فصل کو نقصان ہوا ہے ۔ کہیں آم کے بور کو نقصان ہوا ہے تو کچھ مقامات پر موسم کی وجہ پولینیشن کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے ۔ یہ صورت حال گزشتہ کئی دنوں سے بادل اور کم درجہ حرارت کی وجہ سے پولینیشن کی کمی سے ہوئی ہے ۔مرکزی باغبانی ادارہ لکھنؤ کے ڈائریکٹر شیلندر راجن کے مطابق 20 مارچ کے بعد درجہ حرارت کے بڑھنے کا امکان ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو بور کی نشو ونما ٹھیک سے نہیں ہو پائے گی۔