بارش سے تباہی‘بچاؤو راحت کاموں کیلئے 550 کروڑ کی اجرائی: کے سی آر

   

٭ متاثرہ خاندانوں کو 10 ہزار کی نقد امداد، مکانات کی مکمل تباہی پر ایک لاکھ اور جزوی نقصان پر 50 ہزار روپئے امداد
٭ صنعتکاروں سے فراخدلانہ عطیات کیلئے چیف منسٹر کی اپیل

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں سیلاب سے ہوئی زبردست تباہی سے نمٹنے اور بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لئے 550 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے متاثرہ خاندانوں کیلئے بھی امدادی پیاکیج کا اعلان کیا اور کہا کہ منگل کی صبح سے متاثرین میں امداد کی تقسیم کا آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں بسنے والے افراد جو شدید بارش اور سیلاب کے سبب مشکلات سے دوچار ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور سیلاب کے سبب زیر آب آنے والے مکانات کے مکینوں کو کئی ایک مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اشیائے ضروریہ بشمول چاول ، دال اور دیگر غذائی اجناس پانی میں بہہ گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے ہنگامی امداد کے طور پر متاثرہ خاندانوں کو 10 ہزار روپئے نقصد رقم کا اعلان کیا ہے۔ یہ مالی امداد منگل کی صبح سے تقسیم کی جائے گی ۔ ہنگامی امداد کا مقصد پانی میں گھرے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو روز مرہ کی ضروری اشیاء کے حصول میں مدد کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ بارش اور سیلاب سے مکانات کے مکمل تباہ ہونے پر ایک لاکھ روپئے جبکہ مکانات کو جزوی نقصان پر 50,000 روپئے امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے عہدیداروں کو تمام سڑکوںکی تعمیر اور دیگر انفراسٹرکچر کی جنگی خطوط پر مرمت اور بحالی کی ہدایت دی تاکہ عام زندگی جلد سے جلد معمول پر آسکے۔ انہوں نے متاثرین کی امداد کے لئے محکمہ بلدی نظم و نسق کو فوری طور پر 550 کروڑ کی اجرائی کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں پچھلی ایک صدی میں اس قدر تیز بارش کی نظیر نہیں ملتی۔ بارش اور سیلاب کے سبب نشیبی علاقوں اور خاص طور پر سلم علاقوں میں بسنے والے غریبوں کو بہت زیادہ دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ایسے میں ان کی امداد کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ لہذا نشیبی علاقوں میں بسنے والے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10,000 روپئے امداد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آنے والے حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور میڑچل اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ منگل کی صبح سے غریبوں میں رقمی امداد کی تقسیم کا عمل شروع کرنے کے لئے ٹیموں کو میدان میں اتاریں۔ چیف منسٹر چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ 200 سے 250 ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی شخصی طور پر نگرانی کریں گے۔ چیف منسٹر نے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تمام وزراء ، ارکان اسمبلی ، کارپوریٹرس ، میئر اورڈپٹی میئر پر زور دیا کہ وہ غریبوںکی مدد کو اولین ذمہ داری تصور کرتے ہوئے امدادی کاموں میں سرگرمی سے حصہ لیں۔ حکومت غریبوں کی بڑی تعداد کو امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ چاہے یہ تعداد لاکھوں میں کیوں نہ ہوں۔ متاثرہ خاندانوں کی تفصیلات سے متعلقہ عہدیداروں کو واقف کرایا جائے تاکہ انہیں امداد دی جاسکے۔ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ امدادی کاموں میں سرگرمی سے حصہ لیں اور تمام مستحق غریبوں کی مدد کو یقینی بنائے۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد محکمہ فینانس نے 550 کروڑ روپئے محکمہ بلدی نظم و نسق کو جاری کردیئے ہیں۔ چیف منسٹر نے صنعت کاروں ، تاجروں ، کاروباری اداروں اور دوسروں پر زور دیا کہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں فراخدلانہ عطیات کی اپیل کی ہے۔