زائرین کو مشکلات ، چیف منسٹر کے اعلان پر آخر کب عمل ہوگا؟
شاد نگر7 / ستمبر ( سیاست ڈسٹرک نیوز ) تلنگانہ ریاست کی مشہور و معروف درگاہ حضرت جہانگیر پیراں مختلف مسائل کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔ نہ ہی اس جانب ریاستی وقف بورڈ کی توجہ ہے۔ اور نہ ہی کوئی اس کی حکومت کے حکام کی۔ریاستی حکومت اور ریاستی وقف بورڈ اولیاء اللہ کے آستانوں و بارگاہوں پر کیوں توجہ نہیں دے رہے ہیں اس بات کو لے کر زائرین و عقیدت مندوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے جبکہ ریاستی وقف بورڈ کو درگاہ حضرت جہانگیر پیراں سے تقریبا دو کروڑ کی آمدنی ہوتی ہے۔ باوجود اس کے درگاہ شریف کی بنیادی مسائل پر توجہ دینے سے بالکل قاصرہے۔ جاریہ بارش کے موسم میں احاطہ درگاہ شریف میں کئی مرتبہ بارش کا پانی داخل ہوچکا ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کوئی ٹھوس ڈرینج نظام نہیں ہے۔ جب کبھی بھی تیز بارش ہوتی ہے تو درگاہ شریف میں پانی داخل ہو جاتا ہے۔ اس ضمن میں کئی مرتبہ اخبارات۔ سوشل میڈیا۔ الیکٹرانک میڈیا میں نیوز کی اشاعت کے باوجود نہ ریاستی حکومت حرکت میں آ رہی ہے اور نہ ہی ریاستی وقف بورڈ حرکت میں آ رہا ہے۔ آخر کب تک اولیاء اللہ کے بارگاہوں کو نظر انداز کرتے رہیں گے۔ ریاستی چیف منسٹر کے سی ار صاحب نے 50 کروڑ کی لاگت سے درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراں شاندار پیمانے پر تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اعلان صرف اور صرف اخبارات کی سرخیاں بن کر رہ گیا۔ درگاہ شریف کو جامع منصوبے کے تحت ترقی فراہم کرنے کے لئے متعلقہ حکام ماسٹر پلان پر کام کیا ہے۔ لیکن ابھی تک عمل کچھ بھی نظر نہیں آرہا ہے۔ ریاستی اقلیتی حکام اور ریاستی وقف بورڈ کا عملہ کئی مرتبہ درگاہ شریف کا دورہ کرتے ہوئے کئی ایک منصوبے بنائے۔ آخر ان منصوبوں کا کیا ہوا کچھ بھی پتہ نہیں ہے۔ اس وقت جہانگیر پیر درگاہ کے منتظمین کو ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ چہار شنبہ کو شدید بارش کے باعث جہانگیر پیراں درگاہ میں پھر ایک مرتبہ پانی داخل ہو گیا۔ احاطہ درگاہ کا منظر سیلابی پانی کی نظر آ رہا ہے۔ وقف بورڈ کے عملہ کو درگاہ میں جمع سیلابی پانی کو دور کرنے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زیارت کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ درگاہ میں بارش کا پانی داخل ہوتے ہی پانی نے پورا تالاب کا منظر پیش کر رہا تھا۔ درگاہ میں بڑے پیمانے پر پانی آنے سے مقامی لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ درگاہ میں داخل ہونے والے سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کیے گئے۔ درگاہ شریف کے درپیش مسائل کے متعلق کئی مرتبہ ریاستی وزیر داخلہ کو توجہ دلائی گئی اور ریاستی وقف بورڈ چیئرمین مسیح اللہ خان اور ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین امتیاز اسحاق نے حال ہی میں درگاہ جہانگیر پیراں پر حاضری دیتے ہوئے درگاہ میں منعقدہ نیاز میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی عوام کی جانب سے درگاہ شریف کے درپیش مسائل کے متعلق تحریر یاداشت حوالے کی گئی۔ درگاہ شریف کے متعلق 50 کروڑ کے کیے گئے اعلان کا وعدہ آخر کب پورا ہوگا؟