متعدد اضلاع اور حیدرآباد میں ناکافی بارش ریکارڈ
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارشوں نے موسم اور زیر زمین سطح آب کے علاوہ ماحولیات میں بھی نمایاں تبدیلی رونما کردی ہے اور تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جہاں مانسون کے دوران ناکافی بارش ریکارڈ کی گئی تھی ان میں کئی اضلاع میں بارش معمول کے مطابق ہوچکی ہے جبکہ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود میں اب بھی ناکافی بارش ریکارڈ کی جار ہی ہے جبکہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہونے والی بارشوں کے دوران شہر اور نواحی علاقوں میں موجود ذخائر آب اور تالابوں کی سطح آب میں اضافہ کیا ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر موجود کنٹوں میں پانی جمع ہوچکا ہے اس کے باوجود جی ایچ ایم سی کے حدود میں ہونے والی بارش کو ناکافی بارشوں میں شمار کیا جانے لگا ہے۔15جولائی ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے معمول کی بارش سے 28 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور 26 جولائی تک ہونے والی مسلسل بارشوں کے بعد 27 جولائی کو جاری کی جانے والی تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ معمول سے ایک فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔3
مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں گذشتہ10 یوم کے دوران ہونے والی بارشوں کے بعد ہونے والی تبدیلی کا اگر مشاہدہ کیا جائے تو 15 جولائی کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں معمول سے 56فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ 27 جولائی کے ریکارڈس کے مطابق 4.3 فیصد معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 10یوم کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں مانسون کے دوران ریکارڈ کی جانے والی کمی پوری ہوچکی ہے بلکہ ریاست بھر میں مجموعی اعتبار سے دیکھا جائے تو معمول سے ایک فیصد زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے لیکن جی ایچ ایم سی حدود میں اب بھی معمول سے کم بارش ریکارڈ کی جارہی ہے لیکن گذشتہ 10 یوم کے دوران ہونے والی بارشوں کے دوران جو کمی تھی وہ بڑی حد تک پوری کی جاچکی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود منڈلوں میں 12 ایسے منڈل ہیں جہاں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دیگر منڈلوں میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ریاست کے 33 اضلاع میں 5 اضلاع ایسے ہیں جہاں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جن میں منچریال ‘ نرمل ‘ جگتیال ‘ پدا پلی اور جنگاؤں شامل ہیں جبکہ 3 اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جن میں رنگا ریڈی ‘ محبوب نگر اور ناگرکرنول شامل ہیں جبکہ مابقی اضلاع میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔3