بارش سے قبل ہی شہر میں مچھروں کی کثرت ‘ ڈینگو مریضوں کی تعداد میں اضافہ

   

حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) موسم باراں کی آمد سے قبل جی ایچ ایم سی حدود میں مچھروں کی کثرت و ڈینگو مریضوں میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں ڈینگو متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ تلنگانہ میں اب تک ڈینگو متاثرین کی تعداد 506تک پہنچ چکی ہے جبکہ جی ایچ ایم سی میں 167 مریض ہیں ۔ اس کے باوجود شہر میں صفائی انتظامات نہ ہونے سے ڈینگو کی وباء خطرناک شکل اختیار کرسکتی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں ڈینگو مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے جی ایچ ایم سی عہدیدار واقف ہیں لیکن اب تک بخار اور دیگر علامات کو ڈینگو تصور نہیں کیا جا رہاتھا لیکن اب ڈینگو مریضوں کی نشاندہی ہونے لگی ہے تو جی ایچ ایم سی کے عہدیدار چوکسی اختیار کرنے لگے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ جب تک رہائشی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر نہیں بنایا جاتا ڈینگو مریضوں کی تعداد پر قابو پانا دشوار ہوگا۔ڈاکٹرس کے مطابق عموما بارشوں کے بعد ڈینگو میں اضافہ ہو تا تھا لیکن اس بار صورتحال مختلف ہے ۔ مانسون سے قبل مریضوں کی نشاندہی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے ماتحت عملہ کو ہدایات دی کہ وہ فوری رہائشی و تجارتی علاقوں میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ یقینی بنائیں اور عوام میں شعور بیداری کے ساتھ کچرے کی نکاسی کو یقینی بنائیں تاکہ صفائی کے ذریعہ بیماریوں پر قابو پانے کے اقدامات ممکن بنائے جاسکیں۔م