حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچرجی کشن ریڈی نے آج حیدرآباد میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ کشن ریڈی جو بی جے پی کے ریاستی صدر بھی ہیں ، عنبرپیٹ کے علاقہ میں بارش سے زیر آب آنے والی کالونی کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے سرکاری خزانہ کو 80 فیصد آمدنی ہوتی ہے لیکن حیدرآباد کی ترقی کے لئے 8 فیصد رقم بھی مختص نہیں کی جاتی ۔ سرکاری رقومات کی عدم ادائیگی پر جی ایچ ایم سی کے کنٹراکٹرس دھرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ہزاروں کروڑ قرض حاصل کیا لیکن حیدرآباد میں بنیادی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم نہیں کی گئی۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے الیکشن کے وقت کے سی آر نے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ کشن ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں حیدرآباد کی ترقی پر مکمل توجہ دیں۔