حیدرآباد26جولائی (یواین آئی)تلنگانہ کی وزیر قبائلی بہبود و بہبودی خواتین واطفال ستیہ وتی راتھوڑ نے ضلع محبوب آباد میں موسلادھار بارش کے پیش نظر حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے محبوب آباد، ملگ اور جے شنکر بھوپال پلی اضلاع کے کلکٹرس، ایس پیز اور مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی۔ انہوں نے سیلاب سے بارش سے متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے ، زمینی سطح کی صورتحال معلوم کرنے کے لئے دورہ کرنے اور متعلقہ محکموں کے تمام عہدیداروں و اہلکاروں کو ورک اسٹیشنوں پر موجود رہنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ تمام عہدیدار عوام کے لیے ضروری امدادی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت کوئی بھی تعطیلات پر نہ جائے اور پوری چوکسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے ۔انہوں نے کہاکہ بارش کے پیش نظر عوام کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ماہی گیر اس بات کا خیال رکھیں کہ بچے اور نوجوان تیراکی کے لیے تالابوں اور ندی میں نہ جائیں۔