حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد کے شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا آج مرکزی مملکتی وزیرداخلہ کشن ریڈی نے معائنہ کیا۔ حمایت ساگر،دتاتریہ نگر،خیریت آباد اولڈ سی بی آئی کوارٹرس،بی جے آرنگر،گنیش نگرکا اعلی عہدیداروں کے ساتھ انہوں نے معائنہ کیا اور بارش متاثرین کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے نالوں پر پڑے درختوں اور کچرے کو صاف نہ کرنے پر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے عہدیداروں بربرہمی ظاہر کی اور فوری طورپر اس کچرے اور درختوں کی صفائی کا کام کرنے کی ہدایت دی۔کشن ریڈی نے متاثرین کو غذا کی فراہمی کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ساتھ ہی انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مرکزی حکومت کی طرف سے معاوضہ کی ادائیگی کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ریاستی حکومت سے خواہش کی جائے گی کہ وہ متاثرین کے لئے فوری راحت کا انتظام کرے ۔انہوں نے سرکاری عہدیداروں کے متاثرہ علاقوں میں دورہ نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔