بارش سے متاثرہ نقصانات کا جائزہ مرکزی ٹیم کا دورہ ضلع کاماریڈی ، پوچارم ڈیم کا بھی معائنہ

   

کاماریڈی9 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع میں حالیہ دنوں ہوئی مسلسل بارش سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے مرکز کی عہدیداروں پر مشتمل خصوصی ٹیم کاماریڈی ضلع کا دورہ کیا۔ مرکزی وزارتِ داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری پی کے رائے کی قیادت میں پہنچنے والی ٹیم میں مرکزی وزارتِ مالیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مہیش کمار، وزارتِ جل شکتی کے عہدیدار سرینواس بائری، نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر (این آر ایس سی۔اسرو۔حیدرآباد) کے ششی وردھن ریڈی شامل تھے۔ ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیِش سانگوان نے بھکنور پہنچنے پر وفد کا استقبال کیا۔ مرکزی ٹیم نے اپنے معائنہ کے دوران سب سے پہلے بھکنور منڈل میں واقع داسنمّاکنٹہ تالاب کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں بھکنور تا انتھم پلی سڑک پر بارش سے شدید متاثرہ پنچایت روڈ اور انتھم پلی گاؤں کے کھیتوں میں تباہ شدہ فصلوں کا جائزہ لیا۔ ٹیم نے بعد ازاں بی بی پیٹ آر اینڈ بی پل اور وہاں ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد وفد نے کاماریڈی ٹاؤن پہنچ کر جی آر کالونی کے قریب متاثرہ پل، فلٹر بیڈ پمپ ہاؤس اور کیازوے روڈ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں کلکٹریٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ فوٹو ایگزیبیشن اور پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر آشیِش سانگوان نے بتایا کہ 26، 27 اور 28؍ اگست کو محض تین دنوں میں ضلع میں سالانہ اوسط بارش کا 40 فیصد یعنی 339.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں سڑکیں، پل، زرعی کھیت، آبپاشی کے تالاب، برقی لائنیں، کھمبے اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ دورے کے اختتام پر مرکزی وفد نے ناگیرڈی پیٹ منڈل کے پوچارم ڈیم کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ضلع کے ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) وکٹر، آر ڈی اویلا ریڈی پارتھا سنگھ ریڈی، تربیتی ڈپٹی کلکٹر روی تیجا، ایریگیشن چیف انجینئر سرینواس، آر اینڈ بی انجینئر موہن، ضلع زراعت افسر موہن ریڈی، میونسپل کمشنر راجندر ریڈی، ٹرانسکو، پنچایت راج، آر ڈبلیو ایس اور دیگر محکموں کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔