بارش سے متاثرہ ٹسٹ کے پہلے دن بنگلہ دیش 107/3

   

کانپور۔ بنگلہ دیش نے 35 اوورز میں 3 وکٹ پر107 رنز بنائے تھے جب گرین پارک اسٹیڈیم میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ گیلے آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹسٹ تاخیر سے شروع ہونے کے بعد ہندوستان نے ٹاس جیت کر ابتدائی طور پر فاسٹ بولروں کیلئے دوستانہ حالات کا فائدہ اٹھایا، لیکن نجم الحسین شانتو اور مومن الحق کے درمیان ایک امید افزا شراکت کی بدولت مہمانوں نے آہستہ آہستہ مقابلے میں واپسی کی۔ روہت شرما کے پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ فوری طور پردرست ثابت ہوا کیونکہ ہندوستان کے فاسٹ بولر آکاش دیپ نے ابتدائی کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے اپنے پہلے اسپیل میں دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 33/2 تک محدود کردیا تھا ۔ ذاکر حسن بغیر کوئی رن بنائے آکاش کی ایک خوبصورت گیند پر گلی میں یشسوی جیسوال کے ایک شاندار کیچ سے آوٹ ہوئے ۔ اس کے فوراً بعد اسلام آکاش کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے ۔ ابتدائی طور بولر اور ٹیم کی زور دار اپیل کو امپائر نے مسترد کردیا لیکن ڈی آرایس کی بدولت نظرثانی پر انہیں آوٹ قرار دیا گیا ۔ بنگلہ دیش دوپہر کے کھانے تک 78/2 پر پہنچ گیا تھا کپتان شانتو اور تجربہ کار مومن الحق نے اننگز کو دوبارہ مستحکم کرنا شروع کیا ۔ دونوں نے ہندوستانی فاسٹ بولروں کے حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مومن نے آہستہ آہستہ اپنی تال تلاش کی اور کچھ خوبصورت اسٹروکس کا مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف شانتو نے ٹھوس تکنیک کے ساتھ ایک ایسی پچ پر رنز تیزی سے رنز اسکور کرنے شروع کئے جو کہ بیٹرس کیلئے آسان نہیں ہے ۔ تاہم، روی چندرن اشون کو اپنا جادو چلانے میں زیادہ دیر نہیں گزری۔ ہندوستان کے اکس آف اسپنر نے شانتو کی مزاحمت کو ایک آرم گیند سے توڑ دیا، بنگلہ دیشی کپتان کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ شانتوکا31 رنز پر آؤٹ ہونا بنگلہ دیش کی امیدوں پر ایک دھکا ہے۔ ابتدائی دن کھیل کے اختتام پر مومن 7 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر ناٹ آوٹ ہیں جبکہ مشفیق الرحیم 13 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 6 رنزاسکور کرلئے ہیں ۔ہندوستان کے لئے آکاش نے دو اور اشون نے ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔