نرمل ۔ 28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر نرمل میں دو دن سے جاری موسلادھار بارش کے نتیجہ میں جہاں کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ سڑکوں کی حالت خستہ ہوگئی بلکہ کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا IPS و اے ایس پی نرمل راجیش مینا IPS کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے رات دیر گئے تک شیواجی چوک ڈاکٹر لائق اور دیگر علاقوں میں ٹریفک کو بحال کیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی جانکی شرمیلا نے عوام سے بار بار اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے بہت ضروری ہو تو ہی باہر نکلیں، ورنہ اپنے گھروں میں محفوظ ہیں۔ شدید بارش کی وجہ ریسکیو ٹیم اور این ڈی آر ایف کے اہلکاروں کے ہمراہ پولیس عہدیداروں کا عملہ سون منڈل میں بروقت اقدامات کرتے ہوئے پانچ افراد کو بچالیا اور محفوظ مقام پر مستقل کیا جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو بھی نرمل کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو ضروری ہدایات جارہی ہے، تاہم اب بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔