بارش سے نمٹنے کیلئے ممبئی اور چینائی کا طریقہ کاراختیار کرنے کا فیصلہ

   

چیف منسٹر ٹاملناڈو سے کے سی آر کی بات چیت، عہدیداروں کی ٹیم کا مجوزہ دورہ ممبئی و چینائی
حیدرآباد: بارش اور سیلاب سے حیدرآباد میں ہوئی غیر معمولی تباہی سے پریشان ریاستی حکومت نے ممبئی اور چینائی سے رہنمائی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے ۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکز کی حیثیت سے حیدرآباد کے برانڈ امیج کو بچانے کے لئے حکومت متحرک ہوچکی ہے ۔ حالیہ بارش اور سیلاب سے تباہی نے دنیا بھر میں حیدرآباد کی ترقی کے دعوؤں کو غلط ثابت کردیا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چینائی اور ممبئی کا دورہ کرتے ہوئے بارش کی صورت میں وہاں اختیار کی جانی والی حکمت عملی اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں چینائی اور ممبئی کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حیدرآباد کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جاسکتا ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق کے سی آر نے اس مسئلہ پر ٹاملناڈو کی چیف منسٹر پلانی سوامی سے فون پر بات کی۔ انہوں نے چینائی میں بھاری بارش کی صورت میں اسٹارم واٹر ڈرین سسٹم کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ تلنگانہ میں 100 سال کی مدت میں پہلی مرتبہ اس قدر بھاری بارش اور سیلاب نے تباہی مچائی ہے۔ چینائی سابق میں بارش کی صورت میں انتہائی متاثرہ شہروں میں شمار کیا جاتا رہا لیکن وہاں پانی کی نکاسی کے نظام میں بہتری کے بعد صورتحال قابو میں ہے۔ بارش کے نقصانات سے نمٹنے میں چینائی بلدی حکام کو کامیابی ملی ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ حیدرآباد کیلئے ایک مضبوط اسٹارم واٹر ڈرینج سسٹم کا منصوبہ تیار کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ صنعتی فضلا اور سیوریج کو تالابوں میں شامل ہونے سے روکا جاسکے۔ چیف منسٹر نے تالابوں اور جھیلوں کے علاقوں میں ناجائز قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ پانی کی نکاسی میں ناجائز قبضے اہم رکاوٹ ہیں۔ ممبئی میں شدید بارش کی صورت میں جانی و مالی نقصانات کم کرنے کے لئے حالیہ عرصہ میں کئی ایک قدم اٹھائے گئے۔ تلنگانہ کے عہدیداروں کی ایک ٹیم حکومت کے مشیر راجیو شرما کی قیادت میں اس مسئلہ کا جائزہ لے گی ۔ چیف منسٹر نے ٹوکیو ، بیجنگ اور دیگر یوروپی ممالک میں پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں اختیار کئے گئے منصوبے کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دی۔
حسین ساگر میں چھلانگ لگانے
والے شخص کو لیک پولیس نے بچالیا
حیدرآباد۔ حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگاکر خودکشی کی ناکام کوشش کرنے والے ایک شخص کو لیک پولیس نے بچالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج دوپہر ایک شخص مشتبہ حالت میں حسین ساگر کے پاس دیکھا گیا اور کچھ ہی دیر میں اس نے حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگادی۔ اس واقعہ کو دیکھنے پر سیف آباد پولیس کا عملہ چوکس ہوگیا اور اسے فوری طور پر بچالیااور 108 ایمبولنس کے ذریعہ دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔