بارش سے کئی ریاستوں میں تباہی، کشمیر میں 41 اموات

   

ہماچل پردیش میں 584 سڑکیں بند، پنجاب میں حالات انتہائی سنگین

نئی دہلی ۔28؍اگست ( ایجنسیز)سیلاب اور شدید بارش نے ملک کی کئی ریاستوں میں تباہی مچا دی ہے۔ جموں و کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائڈ سے مہلوکین کی تعداد 41 ہو گئی ہے وہیں ہماچل پردیش میں بارش اور لینڈ سلائڈ سے 10 ضلعوں میں 584 سڑکیں بند ہیں۔ پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے اسکولوں میں 30 اگست تک چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ اتر پردیش کے 17 ضلعوں کے 688 گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں۔ چھتیس گڑھ کے بستر علاقے کے چار ضلعوں میں شدید بارش اور اچانک آئے سیلاب نے 5 لوگوں کی جان لے لی ہے۔جموں و کشمیر میں دو دن سے ہو رہی موسلادھار بارش اور لینڈ سلائڈ سے تباہی مچی ہوئی یے۔ گزشتہ 48 گھنٹنے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 41 ہو گئی ہے جن میں سے 34 لوگ ویشنو دیوی راستے پر ہوئے لینڈ سلائڈ کی زد میں آئے۔ افسروں نے بتایا کہ مہلوکین میں راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، پنجاب اور مہاراشٹرا کے لوگ شامل ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں سے 10000 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ نکالا گیا ہے۔شدید بارش سے کئی پْل، سڑکوں اور رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ بند ہے جبکہ ریل آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ شمالی ریلوے نے 58 ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں اور 64 کو بیچ میں روکنا پڑا ہے۔خلیج بنگال میں کم دباؤ کے سبب اوڈیشہ میں مسلسل بارش سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ جنوبی ہند میں کرناٹک اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے آبی جماؤ ہو گیا ہے۔ دہلی میں اگست اس مرتبہ ریکارڈ بارش والا مہینہ رہا۔ منی مہیش یاترا شدید بارش اور سڑکیں تباہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی ہے۔ ہزاروں عقیدت مند چمبا میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بیاس ندی کی طغیانی سے منالی میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ یہاں موبائل رابطے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے۔مسلسل بارش سے پنجاب میں بھی سیلاب کی حالت انتہائی سنگین ہے۔ پٹھان کوٹ کے مادھوپور بیراج پر تعینات 60 افسروں کو فضائیہ نے ہوائی راستے سے محفوظ نکالا۔ گرداس پور ضلع کے جواہر نوودئے اسکول میں پھنسے 381 طلبا اور 70 اساتذہ بھی محفوظ نکالے گئے۔ ریاستی حکومت نے 27 سے 30 اگست تک اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

بارش کا قہر ‘جموں و کشمیر کیلئے کئی ٹرینیں منسوخ
5000 سے زیادہ ریزرویشن ردکردئے گئے
لکھنؤ/آگرہ۔28؍اگست ( ایجنسیز ) جموں و کشمیر میں قدرتی آفت کی وجہ سے شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن کے تحت کٹھوعہ۔مادھب پور اسٹیشنوں کے درمیان پل نمبر۔17 کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کئی ٹرینیں متبادل روٹس پر چلائی جائیں گی اور کئی ٹرینوں کے اسٹیشن تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ریلوے نے کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، آگرہ میں جموں و کشمیر سے کئی ٹرینوں کی منسوخی یا رخ موڑنے کی وجہ سے 5000 سے زیادہ ریزرویشن منسوخ کر دیے گئے ہیں۔نارتھ سنٹرل ریلوے کے آگرہ ریلوے ڈویژن کے پی آر او نے کہا کہ جموں میں شدید بارش کی وجہ سے، ریلوے نے ترونیولی جنکشن۔شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ایکسپریس کو دہلی جنکشن اسٹیشن پر، پونے۔جموتوی جہلم ایکسپریس کو امبالہ جنکشن اسٹیشن پر، ماترا واؤ سنٹرل چینائی ایکسپریس کو امبالا جنکشن اسٹیشن پر روک دیا ہے۔ نظام الدین، درگ۔شہید کیپٹن تشار مہاجن ادھم پور ایکسپریس حضرت نظام الدین پر، ڈاکٹر امبیڈکر نگر-شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ایکسپریس نئی دہلی اسٹیشن پر۔ اس کے ساتھ ہی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے جام نگر۔شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ایکسپریس چلائی گئی۔ریلوے نے حادثات کے خدشے کے پیش نظر کئی ٹرینوں کا آپریشن روک دیا ہے۔ ایک طرف ریلوے نے ٹرینوں کو منسوخ کیا تو دوسری طرف موسلادھار بارش کی وجہ سے کسی حادثے سے بچنے کیلئے چہارشنبہ کی درمیانی شب سے جموں کی طرف جانے والی ٹرینوں میں پانچ ہزار سے زائد ریزرویشن منسوخ کر دیے گئے۔

پنجاب میں اگلے 24 گھنٹے میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔وہیں پریاگ راج میں گنگا-جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے۔