بارش متاثرین کی راحت کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں

   

سرکاری ملازمین اور بی آر ایس کارکنوں سے رکن اسمبلی شکیل عامر کی اپیل

بودھن /27 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گذشتہ رات سے حلقہ اسمبلی بودھن میں جاری بارش اور محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیش قیاسی کو مدنظر رکھتے ہوئے شکیل عامر ایم ایل اے بودھن نے حلقہ اسمبلی بودھن میں برسر خدمت سرکاری ملازمین ا ور بی آر ایس کے سرگرم نوجوانوں سے اپیل کی کہ شدید بارش سے متاثرہ مواضعات اور بلدی حلقوں میں عوام کو راحت پہونچانے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں ۔ انہوں نے عوام سے صحافتی بیان میں اپیل کی ہے کہ وہ جہاں تک ہوسکے بارش کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں اور اپنے بچوں کو بھی گھروں سے باہر نکلنے نہ دیں ۔ برقی و پینے کا پانی و دیگر بنیادی ضرورتوں کی اشیاء کی فراہمی کیلئے موثر انتظامات کرنے کی سرکاری عہدیدراوں سے خواہش کی اور دوران بارش برقی کھمبوں اور گھروں میں موجود الکٹرک بورڈس سے فاصلہ بنائے رکھنے کی عوام سے خواہش کی ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی بودھن کی عوام سے کہا کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورت میں ان سے راست فون پر ربط پیدا کرسکتے ہیں یا ضرورت پڑنے پر کیمپ آفس بودھن پر موجود فون پر کس قسم کی مدد کی ضرورت ہوتو کسی بھی وقت مطلع کریں ۔