بارش نہ ہونے اور زرعی سرگرمیوں میں کمی کسان شہر منتقل ہونے پر مجبور

   

حیدرآباد،15جولائی(یواین آئی) بارش کے بروقت نہ ہونے ،مواضعات میں زرعی سرگرمیوں کی کمی اور خاندانی بوجھ کے سبب غریب کسان تلنگانہ کے مختلف مقامات پر پرانا شہر حیدرآباد کا رُخ کر رہے ہیں۔محبوب نگر، نلگنڈہ،میدک اور دیگر اضلاع سے پرانا شہر حیدرآباد آنے والے کسانوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتاجارہا ہے ۔یہ افراد محنت مزدوری کرتے ہوئے جھونپڑیوں،خالی مقامات، فٹ پاتھس پر اور سڑکوں کے کنارے عارضی جھونپڑیاں ڈالتے ہوئے زندگی گزار رہے ہیں۔ہر روز یہ افراد مزدوری کے لئے پرانا شہر کے دبیر پورہ چوراہا،بڑا بازار،کوکہ کی ٹٹی،لال دروازہ ، چھتری ناکہ،بیلہ چوراہا، تاڑبن، سنتوش نگر،ایراکنٹہ،یاقوت پورہ چوراہا جیسے علاقوں میں مزدوروں کے اڈوں پر ٹہر کر مزدوری کے کام کر رہے ہیں۔ایسے مزدوروں کے بارے میں کوئی بھی سوچنے والا نہیں ہے ۔حکومتیں، عوامی نمائندے تبدیل ہوتے ہیں لیکن یہ غریب کسان جہاں کے وہیں رہتے ہیں اور روٹی روزی کے لئے روزانہ محنت مزدوری کا کام کرتے ہیں۔