بارش وسیلاب کے نقصانات پر کلکٹرس سے حکومت کی رپورٹ طلبی

   

چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس ، امدادی پیاکیج کا عنقریب اعلان
حیدرآباد : 2 نومبر ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ حالیہ بارش اور سیلاب سے فصلوں اور املاک کو نقصانات کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ حکومت کو فوری طور پر پیش کریں ۔ رام کرشنا راؤ نے اندرون دو یوم 24اضلاع کے ضلع کلکٹرس کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف سکریٹری نے مونتھا طوفان سے متاثرہ اضلاع کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ نقصانات کے بارے میں بنیادی سطح سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکومت کو رانہ کریں تاکہ امدادی پیاکیج کا اعلان کیا جاسکے ۔ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ اسپیشل چیف سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اروند کمار نے ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ بارش اور طوفان کے زیراثر 24اضلاع میں فصلوں کو نقصان کی اطلاعات ملی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مہلوکین کے پسماندگان کے علاوہ فصلوں کو نقصانات پر ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، برقی سربراہی کی بحالی اور ذخائر آب کے تحفظ کے سلسلہ میں فوری اقدامات کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مذکورہ کاموں کیلئے فنڈز جاری کرے گی ۔ انہوں نے آنگن واڑی مراکز اور سرکاری اسکولوں کی تعمیر و مرمت کا کام فوری انجام دینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ 3 نومبر تک تفصیلی رپورٹ روانہ کردیں تاکہ حکومت کی امدادی پیاکیج کے تعین میں سہولت ہو ۔ 1